دنتے واڑہ ،27/اپریل (ایس او نیوز/ایجنسی) چھتیس گڑھ کے نکسل متاثرہ ضلع دنتے واڑہ میں گشت سے واپس لوٹتے ہوئے فوجی جوانوں کی گاڑیوں کو دھماکے سے اڑا دیا گیا جس میں سیکوریٹی فورس کے ۱۱؍ اہلکار شہید اور چند دیگر جوان زخمی ہوگئے۔پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ضلع کے آرن پور علاقے میں گشت کے بعد سلامتی دستہ کے اہلکار دوپہر میں واپس آرہے تھے کہ ان کی گاڑی کو نکسلیوں نے دھماکے سے اڑا دیا۔ واردات کی اطلاع ملتے ہی ایمبولینس کے ساتھ سیکوریٹی فورس کے اضافی دستے موقع پر پہنچ گئے۔ یہ واردات ضلع ہیڈکوارٹر سے ۵۰؍ کلومیٹر دور جنگلاتی علاقہ میں انجام دی گئی ۔ واضح رہے کہ طویل عرصے کے بعد ریاست میں نکسلیوں نے اتنا بڑا حملہ کیا ہے جس میں اتنے جوان شہید ہوئے ہیں۔
اس تعلق سے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ وہ نکسلیوں کو ہر ممکن سبق سکھائیں گے۔ جوانوں کی یہ قربانی ضائع نہیں جائے گی۔ دوسری طرف مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل کو فوری طور پر فون کرکے ریاست میں ماؤنوازوں کے حملے کے بعد صورتحال کے بارے میں دریافت کیا اور مرکز کی طرف سے ریاستی حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔
اطلاعات کے مطابق مائو وادیوں نے دنتےواڑہ کی طرف جانے والی سڑک پر دھماکہ خیز مادہ لگادیا تھا ۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ مائووادیوں نے ۵۰؍ کلوگرام کا بم استعمال کیا ۔